کراچی میں رات بھر وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔ مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ صوبائی حکومت نے آج عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج اور کل بارش منگل کے مقابلے میں زیادہ ہوگی۔ کئی انڈر پاسز اب بھی زیرِ آب ہیں جبکہ شاہراہ فیصل اور آئی آئی چندریگر روڈ پر بعض مقامات پر پانی موجود ہے۔ اربن فلڈنگ کے باعث شہر کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی رہیں، بدترین ٹریفک جام سے سیکڑوں گاڑیاں بند ہو گئیں، کئی میں پیٹرول ختم ہوگیا اور شہری گھنٹوں تک پانی میں پھنسے رہے۔
سرجانی ٹاؤن، گارڈن، شادمان ٹاؤن اور سخی حسن سمیت متعدد علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔ نارتھ کراچی کے ناگن چورنگی پر فوڈ اسٹریٹ کی کئی دکانیں ڈوب گئیں۔ گلستان جوہر میں گھر کی دیوار گرنے سے چار افراد جان سے گئے، شاہ فیصل کالونی میں کرنٹ لگنے سے دو نوجوان جاں بحق ہوئے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں کرنٹ سے موٹر سائیکل سوار ہلاک ہوا جبکہ گرومندر نالے میں ڈوبنے والے پچاس سالہ شخص کی لاش برآمد کرلی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں