ڈمپر جلانے والوں کیخلاف مقدمات چلانے کا اعلان

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے سندھ اسمبلی اجلاس میں اعلان کیا کہ 7 ڈمپر جلانے والوں کے خلاف مقدمات چلائے جائیں گے اور کارروائی کسی دھمکی یا دباؤ پر نہیں رکی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی بدمعاشی کرنے کی کوشش کرے گا تو اسی انداز میں جواب دیا جائے گا۔

ایوان میں اپوزیشن اراکین نے ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا۔ ایم کیو ایم کے طحہٰ احمد خان نے کہا کہ ڈمپر ڈرائیورز سے مذاکرات اور معاوضے کا اعلان تو ہو گیا، لیکن متاثرہ خاندانوں کے لیے کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ اس پر سندھ کے وزیر داخلہ ضیا لنجار نے لواحقین کو معاوضہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب بغیر کیمرے کے کوئی ٹینکر یا ڈمپر سڑک پر نہیں چلے گا اور ڈرائیورز کی لائسنس اتھارٹی سے ٹریننگ کرائی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز راشد منہاس روڈ پر تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار بہن بھائی جاں بحق اور والد زخمی ہو گئے تھے، جس کے بعد مشتعل مظاہرین نے 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی تھی۔ حادثے میں ملوث ڈرائیور کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزم کے پاس ہیوی ٹریفک لائسنس نہیں تھا، صرف ایک ایکسپائر شدہ ایل ٹی وی لائسنس ملا۔ عدالت نے ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close