صوبائی حکومت کا سجاوٹ پر انعام، کانسرٹس اور ریلیوں کا اعلان

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یومِ آزادی کی تقریبات کو شاندار اور منفرد انداز میں منانے کا اعلان کرتے ہوئے مختلف سرگرمیوں اور انعامات کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 5 اگست کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے خلاف ایونٹ منعقد کیا جائے گا، جبکہ خصوصی افراد کے لیے بھی ایک بڑی تقریب کا اہتمام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کراچی، حیدرآباد اور سکھر کے کانسرٹس میں زیادہ سے زیادہ عوام شرکت کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کراچی جشن آزادی کی تقریبات کا مرکز ہوگا۔ تقریبات میں مشاعرہ، رکشہ ریلی، انسانی جھنڈے کی تشکیل سمیت دیگر رنگا رنگ پروگرامز شامل ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ گاڑیوں، دکانوں اور عمارتوں کو سجائیں — بہترین سجاوٹ پر انعام دیا جائے گا۔

مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ ونٹیج کارز اور ہیوی بائیکس کی ریلیوں کا انعقاد بھی متوقع ہے، جبکہ خواتین کے لیے میلوں اور بچوں کے لیے پینٹنگ کے مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ محکمہ ثقافت کو گائیکی کے مقابلے منعقد کرانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 سے 11 اگست کے دوران شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس میں بھی جشن آزادی کا رنگ جھلکے گا۔ ٹریفک کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی اور ڈی آئی جی ٹریفک کو ٹریفک پلان ترتیب دینے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام معمولی تکلیف کو پاکستان کے لیے برداشت کریں اور تقریبات میں بھرپور شرکت کریں۔

مراد علی شاہ نے تمام سیاسی جماعتوں کو جشن آزادی میں شرکت کی دعوت دی ہے، جنہیں باقاعدہ دعوت نامے بھیجے جائیں گے۔ تقریبات کے دوران اسکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، اور محکمہ تعلیم بھی خصوصی پروگرامات کی تیاری کر رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close