کراچی کے علاقے لیاری لی مارکیٹ میں رہائشی عمارت سے 4 خواتین کی لاشیں ملنے کے بعد گھر کے سربراہ اور دونوں بیٹوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
گزشتہ شب رہائشی عمارت کی ساتویں منزل کے فلیٹ سے 13 سال کی لڑکی سمیت 4 خواتین کی گلا کٹی لاشیں ملی تھیں۔گھر کا سربراہ رات گئے گھر پہنچا تو بیوی بیٹی، نواسی اور بہو کی لاشیں گھر میں مختلف کمروں میں موجود تھیں۔پولیس نے لاشوں کو سول اسپتال منتقل کر کے گھر سے شواہد اکٹھے کیے تھے۔حراست میں لیے جانے سے قبل گھر کے سربراہ فاروق کا کہنا تھا کہ میں اور دونوں بیٹے گھر واپس آئے تو گھر پر دستک دی، گیٹ اندر سے کسی نے نہیں کھولا تو چابی سے کھول کر اندر داخل ہوئے، گھر میں اہلیہ، بیٹی، نواسی اور بہو کی گلا کٹی لاشیں موجود تھیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کے وقت گھر میں صرف خواتین ہی موجود تھیں، گھر کا سربراہ فاروق اور ایک بیٹا ٹرانسپورٹ اور مویشیوں کا کاروبار کرتا ہے۔مرنے والوں میں 13 سال کی علینا، 18 سال کی مدیحہ، 19 سال کی عائشہ اور 51 سال کی شہناز شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ قتل میں ایک ملزم ملوث ہے یا ایک سے زائد؟ اس حوالے سے تفتیش کر رہے ہیں تاہم قاتل آلۂ قتل سمیت فرار ہوا ہے۔پولیس کے مطابق اطراف میں لگے کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں