بارش کے باعث آج کراچی میں اسکول اور حیدر آباد میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔
خیال رہے کہ سندھ مون سون سسٹم کی لپیٹ میں ہے اور سمندری طوفان کا الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے آج رات یا صبح سندھ کی ساحلی پٹی تک سمندری طوفان بننے کا خطرہ ظاہر کیا ہے جس کے زیر اثر کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔صوبے کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔بارشوں کے باعث کراچی میں آج بروز جمعہ تمام سرکاری اور نجی اسکول بند رہیں گے۔
اس حوالے سے کمشنر کراچی نے حکم نامہ جاری کردیا ہے۔کمشنر کراچی کے مطابق یہ فیصلہ محکمہ موسمیات،صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی سے مشاورت کے بعدکیا گیا ہے۔ادھر بارش کے باعث آج حیدرآباد ضلع میں بھی تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حیدرآباد ضلع کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج بھی بند رہیں گے۔خیال رہےکہ بارشوں کے باعث ضلع حیدرآباد میں کل بھی تعلیمی ادارے بند تھے۔ علاوہ ازیں صوبے کے دیگر اضلاع سانگھڑ، نواب شاہ، جامشورو، ٹنڈوالہ یار، میرپورخاص اور عمرکوٹ میں پہلے ہی تعلیمی ادارے آج اور کل بند رکھنے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر میں بارشوں کے باعث سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث ضلعی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے اور اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں