میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے حافظ نعیم اور مصطفیٰ کمال کا ساتھ مانگ لیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن اور رکنِ قومی اسمبلی مصطفیٰ کمال سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو کہوں گا کہ پولیو فری پاکستان کا خواب پورا کرنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔یہ بات انہوں نے ایم اے جناح روڈ پر سرکاری اسکول میں انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہی۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ اپنے مستقبل کے معماروں کو پولیو سے محفوظ کرنا ہے، پولیو کی روک تھام کے لیے حکومت نے اقدامات کیے لیکن منفی پروپیگنڈا کرنے والے لوگوں میں بدگمانی پیدا کرتے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس سال پولیو کے 15 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، کہیں نہ کہیں ہم سب بحیثیت قوم پولیو کی روک تھام میں کامیاب نہیں ہوئے۔میئر کراچی نے والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں۔انہوں نے بتایا کہ 11 لاکھ بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلانے جا رہے ہیں، جبکہ فیز ون کے تحت 80 فیصد ٹارگٹ مکمل ہو گیا ہے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ سستی بجلی پیدا کرنے میں سندھ حکومت کا بڑا کردار رہا ہے، ٹھٹہ، جھمپیر میں سستی بجلی بڑے پیمانے پر پیدا ہو رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں