وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیو ویکسین سے انکاری والدین کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے محکمۂ ہیلتھ کو انسداد پولیو مہم مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو موذی مرض ہے جو بچے کی پوری زندگی تباہ کر دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں والدین اور سرپرست مکمل تعاون کریں، انسداد پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کی کوئی گنجائش نہیں، پولیو ویکسینیشن سے انکار کرنے پر سرپرست اور والدین کے خلاف کارروائی ہوگی۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کی 85 یونین کونسلز میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، شہر کے بیشتر علاقے پولیو وائرس میں ہائی رسک پر ہیں، مہم میں 11 لاکھ بچوں میں سے کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں انتظامیہ اور پولیس ہیلتھ ورکرز کی بھرپور مدد کریں، دنیا بھر میں پولیو کا خاتمہ ہو چکا ہے، چند لوگوں کے عدم تعاون اور رویے کی وجہ سے ہم پولیو سے نجات نہیں پا رہے، پولیو وائرس کے خاتمے تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیو مہم کی کامیابی بچوں کے والدین کے تعاون پر منحصر ہے، سب کا فرض ہے کہ بچوں کو صحت مند معاشرہ اور خوشحال مستقبل دیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں