کراچی(آئی این پی)ایم کیو ایم کے کنوینیئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور ن لیگ کا اتحاد نہیں ہوا، کوئی دوسرے کے حق میں بیٹھ جائے تو ووٹر مایوس ہوتا ہے، نجی ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کنوینئر خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ اللہ کرے انتخابات کی تاریخ پتھر پر لکیرہی ثابت ہو، کراچی کو سب سے زیادہ انتخابات کی ضرورت ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ انتخابات فوری، صاف اورشفاف ہونا چاہئیں، لیکن انتخابات صاف اور شفاف ہوتے نظر نہیں آرہے، پھر بھی عام انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے، تحریک انصاف کو آئینی طریقے سے حکومت سے ہٹایا گیا، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کراچی کی یوسیز ہی چوری کرلی گئیں، کہیں 55ہزار اور کہیں 5ہزار کی آبادی پر یوسی بنائی گئی تھی، کراچی میں پیپلزپارٹی کامینڈیٹ ہی نہیں ہے، کراچی سے جیتنے والے حیران اور جتوانے والے پریشان تھے، پیپلزپارٹی نے سندھ میں 15سال طویل حکومت کی،رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ کوئی آئے اورکراچی کوتبدیل کرے، ہم آج بھی سڑکوں پر اپنے ووٹرز گنوا رہے ہیں، کراچی میں 75لاکھ افراد کو کم گنا گیا ہے، آنے والے وقت میں 75لاکھ افراد کو بھی بازیاب کروالیں گے،خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم اور ن لیگ کااتحاد نہیں ہوا، دونوں کے وفود کی ملاقات ہوئی تھی، ہمارے درمیان تعاون میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، ہم جمہوریت کو بچانے کیلئے کوششیں کریں گے، ابھی تک سیٹ ایڈجسمنٹ پر کوئی بات نہیں ہوئی، کوئی دوسرے کے حق میں بیٹھ جائے تو ووٹر مایوس ہوتا ہے، ہم اپنے حصے سے زیادہ کی قربانی دے چکے ہیں، ایم کیوایم اصول ہار کر الیکشن نہیں جیتنا چاہتی،خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نوازشریف کراچی آئیں گے، لیکن ابھی تاریخ نہیں دی گئی، ہر کسی کو کراچی میں آکر الیکشن لڑنے کا حق ہے، ہم مریم نوازکوکراچی میں خوش آمدید کہیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں