کراچی(آئی این پی)ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے بغیر لائسنس ٹریول ایجنسی چلانے والے انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق انسانی سمگلرز کی گرفتاری کے لئے کریک ڈاون جاری ہے، ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ سیل کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلر کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم انسانی سمگلنگ کے گھناونے جرم میں ملوث تھا۔
ملزم حمزہ سہیل کو کراچی کے علاقے بہادرآباد سے گرفتار کیا گیا، ملزم بغیر لائسنس کے عجوہ ٹریول کے نام سے ایجنسی چلا رہا تھا اور سادہ لوح شہریوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم وصول کرتا تھا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے متعدد شہریوں سے بیرون ممالک بھجوانے کے نام پر پاسپورٹ وصول کئے۔،ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے 13 عدد پاسپورٹس، 12 چیک بکس، لیپ ٹاپس اور دیگر دستاویزات برآمد کر لئے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف کاروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی تاہم ملزم لائسنس کے حوالے سے بھی حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں