اسلام آباد میں بیٹھی ساس کو اپنا رویہ تبدیل کرنا ہو گا، 4 ہزار ارب روپے لیکر 40 ارب کی خیرات ملتی ہے، ایم کیو ایم رہنما نے سخت مؤقف اختیار کر لیا

کراچی(آئی این پی)ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھی ساس کو اب اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا،ملیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اورنگی ٹائون، لیاقت آباد، برنس روڈ اور لانڈھی میں اجتماعات اس بات پر مہر ثبت کر رہے ہیں کہ آئندہ الیکشن میں ہم نہ صرف ہم اپنی چھینی گئی نشستیں واپس لیں گے بلکہ کراچی کی تمام نشستیں جیتیں گے،

نجی ٹی وی کے مطابق فاروق ستار نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھی ساس کو اب اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا، اب ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ سر اٹھا کر جینا ہے، 4ہزار ارب روپے لیکر 40ارب کی خیرات ہمیں ملتی ہے، اب ایم کیو ایم متحد منظم اور فعال متحدہ ہے،انہوں نے کہا کہ ماضی میں لانڈھی وہ علاقہ ہے جہاں سے ہماری جبری ہجرت ہوئی جس نے قیام پاکستان کی یاد تازہ کر دی، ہم اور آپ ایک ساتھ رہے تو الحمدللہ وہ تمام نوگو ایریاز ختم ہوئے،ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آج ایک ایسا جبر ہے کہ 5لاکھ نوکریاں دی گئیں اور شہر کے نوجوانوں کو نظر انداز کر دیا گیا، تعلیم یافتہ نوجوان ڈگریاں لیے بائیکیا اور فوڈ پانڈہ چلا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدانوں میں کراچی کے نوجوانوں کو موقع نہیں دیا جارہا ہے آج اگر میرٹ پر ہمارے نوجوانوں کو موقع ملے تو وہ پاکستان کو کامیابی کی بلندیوں پر لے جائیں،ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ اسمبلیوں میں اب صرف پتنگ ہی پتنگ ہوگی، کے ایم سی اور بلدیہ پر یہ انکا آخری قبضہ ثابت ہوگا، سونے کا انڈہ دینے والی مرغی کو ذبح کیا جارہا ہے یہ ختم ہوجائے گا، ابھی تو صرف لاپتہ آبادی بازیاب ہوئی ہے،انہوں نے کہا کہ صوبوں کے قوم پرستوں نے صوبائی خود مختاری کانعرہ لگایا مگر پھر اختیار نیچے تک نہیں پہنچنے دیا گیا، اب جو الیکشن لڑا جائیگا وہ مقامی خود مختاری کے نعرے پر لڑا جائیگا،ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اگر سندھ کی تمام نشستیں حاصل کرنے کے بعد بھی حقوق حاصل نہ ہوئے تو پھر ایک بہت بڑا احتجاجی دھرنا دیا جائیگا، احتجاجی دھرنا شاہراہ فیصل یا ایم اے جناح روڈ پر دیا جائیگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close