لڑکی کو افغانستان واپس لے جانے پر فائرنگ، سوتیلا باپ جاں بحق، سگی ماں زخمی

کراچی(آئی این پی)پیرآباد کالونی باچا خان چوک کے قریب گھرمیں فائرنگ سے شوہر جاں بحق اور بیوی زخمی ہوگئی۔پولیس نے فائرنگ کرنے والے زخمی خاتون کے بھانجیکو گرفتارکرکے آلہ قتل برآمدکرلیا۔پیرآباد تھانے کے علاقے پیر آباد کالونی باچا خان چوک محمدی مسجد کے قریب گھرمیں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوگئیں جنہیں فوری طورپرعباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت45 سالہ میرافضل ولد طالب خان اورزخمی خاتون کی شناخت 35 سالہ سائرہ بی بی کے نام سے کی گئی۔ دونوں میاں بیوی ہیں۔پیرآباد تھانے کے ڈیوٹی افسرشفیق نے بتایا کہ زخمی خاتون نے مقتول میر افضل سے دوسری شادی کی ہوئی تھی ،مقتول میرافضل افغانی باشندہ ہے جبکہ اس کی زخمی بیوی پاکستانی ہے لیکن زخمی بیوی نے اپنا افغان سیٹیزن کارڈ بنوایا ہوا ہے۔ دونوں واپس افغانستان جارہے تھے۔زخمی خاتون پہلے شوہر سے ہونے والی بیٹی کو افغانستان لے جانا چاہتی تھی لیکن بچی نے اپنی ماں کے ساتھ جانے سے انکار کردیا اور کہا وہ اپنے چاچا کے ساتھ ہی پاکستان میں رہے گی ،جس پردونوں خاندانوں میں چند روز سے جھگڑا چل رہا تھا کہ گزشتہ روزمقتول اور اس کی بیوی بچی کو لینے رشتے دار کے گھر پہنچے تو جھگڑا ہوا جس کے دوران فائرنگ سے پیرافضل جاں بحق اور خاتون سائرہ زخمی ہو گئی۔پولیس افسرکے مطابق فائرنگ زخمی خاتون کے بھانجے ابوبکر نے کی تھی جسے پولیس نے گرفتارکرکے آلہ قتل پستول برآمد کرلیا ہے،پولیس اس حوالے مزید تفتیش کر رہی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close