کراچی میں آٹے کی ہول سیل قیمت کتنے روپے فی کلو ہو گئی؟

کراچی(آئی این پی)صدر استحکام پاکستان پارٹی سندھ محمود مولوی نے کہا ہے کہ کراچی میں آٹے کی ہول سیل قیمت 120 روپے فی کلو ہوگئی ہے، آٹے کی قیمت میں بڑی کمی کا فائدہ عوام کو ہوگاجس سے عوام کی مشکلات میں واضح کمی آئے گی۔ تفصیلات کے مطابق فلور ملز ایسوسی ایشن کے چوہدری عامر اور محمود مولوی کی کمشنر کراچی سے ہونے والی ملاقات میں آٹے کی قیمتیں طے پا گئیں، ڈھائی نمبر آٹے کی ہول سیل قیمت 120روپے، ریٹیل 127روپے فی کلو کردی گئی،

جبکہ فائن آٹا، میدہ کی ہول سیل قیمت 130روپے، ریٹیل 134روپے فی کلو کردی گئی، محمود مولوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کراچی میں آٹے کی ریٹیل قیمت 175 روپے فی کلو سے 128 روپے فی کلو پر آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان قیمتوں کیلئے کمشنر بہت جلد نوٹیفکیشن جاری کریں گے، قیمتوں پر عملدرآمد کے لئے ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں گی، جو شہریوں کو ان قیمتوں پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائیں گی، جو بھی ان قیمتوں پر آٹا فروخت نہیں کرے گا، ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کے دن تندور اور بیکری مالکان سے بھی اجلاس بلایا گیا ہے، روٹی، ڈبل روٹی، بیکری مصنوعات کے نرخ بھی کم کئے جائیں گے، محمودمولوی نے کہا کہ عوام کے حقوق کیلئے نگران حکومت اور کمشنر کراچی کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close