نگران حکومت کا کام عوام پر بجلی گرانا نہیں، صاف شفاف الیکشن کرانا ہے، یاد دہانی کرا دی گئی

کراچی(آئی این پی) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے نگراں حکومت کی جانب سے گھریلو صارفین کیلئے گیس مہنگی اور میٹرچارجز بڑھانے والے فیصلے کو عوام دشمن اور سراسر ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پر بجلی گرانا نہیں بلکہ نگراں حکومت کا کام صرف بروقت صاف وشفاف الیکشن کرکے اقتدار منتخب نمائندوں کو منتقل کرنا ہے۔مہنگائی کے مارے عوام جن کی قوت خرید حکومت کی ناقص معاشی پالیسوں اور کرپشن کے نتیجے میں پہلے ہی جواب دے چکی ہے ایسی صورتحال میں گیس کی قیمت اور میٹرچارجز میںبے تحاشہ اضافہ بے حسی کی انتہا ہے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات پر عائد کردہ بھاری ٹیکسوں ،آئے روز بجلی کے نرخوں میں من مانے اضافے کے بعد نگراں حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں 200فیصد تک اضافے کی منظوری مہنگائی، بیروزگاری کے مارے ہوئے عوام کی زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔نگراں ہو یا مستقل حکومت ہر دور میں حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں اور بیرونی عالمی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن پر عوام پر مہنگائی کی بمباری کی ہے اور اشرافیہ کی سہولتکاری کرکے ملک کو برباد اور عوام کو کنگال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اس وقت غربت ہمارے ملک کا سب سے بڑا اور بنیادی مسئلہ ہے،کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک اس کی عوام خوشحال نہ ہو۔ حکمران طبقہ روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر حکومت میں آنیوالے غریبوں کو زندگی کی بنیادی ضرورتوں سے بھی محروم کر رہے ہیں۔پی ڈی ایم حکومت نے ماضی کی مہنگائی کے تمام ریکارد توڑ دئیے جبکہ موجودہ نگراں حکومت نے بھی عوام کیلئے بجلی،پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کرکے اپنے آقا?ں کو خوش اورعوام سے کھلی دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ یکم نومبر 2023سے گیس کی قیمتوں میں 200فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے، اس طرح صارفین پر 350ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑیگا،اس سے قبل فروری میں گیس کے نرخوں میں 113فیصد اضافہ کیا گیا تھا جس کا صارفین پر 340ارب روپے کا بوجھ پڑا تھا موسم سرما میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور قیمتوں میں مسلسل اضافے سے مشکلات میں گھرے عام آدمی کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ مہنگائی،بے روزگاری، کرپشن، دہشت گردی اور عدم تحفظ کے شدید ترین احساس نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی مگر سونے پہ سہاگہ بجلی اور گیس کی طویل لوڈ شیڈنگ اور قیمتوں میں بھاری اضافے نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، صوبائی امیر نے پرزور مطالبہ کیا کہ فی الفور بجلی،گیس سمیت اشیائے خور ونوش کی قیمتوں میں کمی اور پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسوں میں کمی کرکے حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کرے۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں