اب کوئی ہمیں فون پر فیصلے ڈکٹیٹ نہیں کرا سکتا، ایم کیو ایم رہنما نے سٹینڈ لے لیا

کراچی (آئی این پی )ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفی کمال نے کہا ہے کہ اب کوئی ہمیں فون پر فیصلے ڈکٹیٹ نہیں کرواسکتا، ہماری جماعت اب جتنی طاقتور ہے اس سے پہلے نہیں تھی، تبدیلی جلسے کرنے سے نہیں ووٹ سے آئے گی۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ غریب عوام کی آواز اٹھائی، اور ہمیشہ غریب طبقے کی نمائندگی کی ہے۔

مصطفی کمال نے کہا کہ ہم زمینی سچائیوں کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتے ہیں، ایسا فیصلہ کبھی نہیں کریں گے جس کا خمیازہ بھگتنا پڑے، اب فون کال پر ہمیں فیصلے ڈکٹیٹ نہیں کرائے جارہے، اور نہ ہی کوئی فیصلے ڈکٹیٹ کراسکتا ہے، اب ایم کیو ایم لوگوں کی زمینوں پر قبضے نہیں کرا رہی، ہماری جماعت جتنی طاقتور اب ہے اتنی بڑی طاقت کبھی نہیں تھی، آنے والا وقت ایم کیو ایم پاکستان کا ہے۔سابق ناظم کراچی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے 15 سال مسلسل حکمرانی کی ہے لیکن کراچی کے عوام کو صاف پانی تو کجا ایک قطرہ پانی نہیں دیا اور نہ ہی نئے اسکول دیئے، عوام ایم کیو ایم کے ساتھ کھڑے ہو جائیں تو غریبوں کی حکمرانی قائم ہوگی۔مصطفی کمال کا ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ ناکام ہورہے ہیں، تبدیلی جلسے کرنے سے نہیں ووٹ سے آئے گی، ہمارے پاس حرام کے پیسے نہیں جو لوگوں کو موٹرسائیکلیں دیں، مظلوم ایم کیو ایم کے جھنڈے تلے آرہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close