گورنر ہاؤس کے قریب تیز رفتار بس الٹ گئی

کراچی(آئی این پی) گورنر ہاوس کے قریب بس الٹنے کے حادثے میں دو خواتین سمیت سات مسافر زخمی ہوگئے، عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ڈرائیور بہت تیز رفتاری سے چلا رہا تھا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں گورنر ہاوس کے قریب تیز رفتار بس الٹ گئی، حادثے میں دو خواتین سمیت سات افراد زخمی ہوگئے تاہم زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمی ہونیوالوں میں 55سالہ عرفان،65سالہ آمنہ ،24سالہ سلیم،14سالہ نوشہ ،35سالہ رضیہ ، 30سالہ تنویر خان شامل ہیں جبکہ ایک زخمی کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔پولیس کا کہنا تھا کہ بس کے اندر 30 سے زائد مسافر سوار تھے ، جس میں گورنمنٹ کالج کے 10 سے زائد اسٹوڈنٹس بھی شامل ہیں۔طالب علم کا کہنا تھا کہ ڈرائیور بہت تیز رفتاری سے چلا رہا تھا ، بس چلاتے ہوئے مسلسل موبائل فون پر بھی بات کر رہا تھا، موڑ پر تیز رفتاری سے چلاتے ہوئے اچانک بس الٹ گئی۔طالب علم کے مطابق دو بسوں میں ریس لگ رہی تھی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم بس کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close