بیرون ملک روانگی پر پابندی کی فہرست ایک ہزار سے بڑھ گئی، کون کون شامل؟

کراچی(آئی این پی)ملک کی معاشی بدحالی کے ذمہ داروں کے گرد گھیرا تنگ ہوتا جارہا ہے، بدعنوانی کے الزامات کے تحت اہم شخصیات کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے تیار کی گئی اسٹاپ لسٹ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنشنل ایئرپورٹ پر تعینات وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) امیگریشن کے اہم ذرائع نے بتایا کہ اسٹاپ لسٹ میں شامل ناموں کی تعداد اب 1 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

ابتدائی طور اسٹاپ لسٹ میں اعلی ترین عہدوں پر فائز شخصیات کے بجائے ان کے قریبی ساتھیوں اور ان کے ساتھ تعینات سرکاری افسران کے نام شامل ہیں۔ذرائع نے انکشاف کیا کہ ایف آئی اے امیگریشن کی اسٹاپ لسٹ میں سابق وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے بعض قریبی ساتھیوں اور افسران کے نام شامل ہیں، لیکن حال ہی میں بیرون ملک جانے والے سندھ کے 3 اہم وزرا کے نام اسٹاپ لسٹ میں نہیں تھے۔ایف آئی اے ذرائع کا بتانا ہے کہ اسٹاپ لسٹ میں حکومتوں میں شامل سیاسی شخصیات اور سرکاری افسران شامل ہیں، اس کے ساتھ اسٹاپ لسٹ میں تاجر، بلڈر اور صنعتکاروں کے نام شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق لسٹ میں مالی بدعنوانی، ٹیکس چوری، حوالہ اور ہنڈی کے کاروبار سے منسلک شخصیات، کرنسی، چینی اور پیٹرولیم کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے نام بھی شامل ہیں۔ایف آئی اے ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی کی فنڈنگ کرنے والی شخصیات کے نام بھی اسٹاپ لسٹ میں شامل ہیں، اس کے ساتھ پی ٹی آئی حکومت کے حامی متعدد اعلی سرکاری افسران کے نام بھی اسٹاپ لسٹ میں درج ہیں۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق آئی بی ایم سسٹم میں موجود اسٹاپ لسٹ کے علاوہ ہر بین الاقوامی پرواز کے لئے کچھ نام براہ راست بھی دیے جاتے ہیں۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر امیگریشن عملے کو اسٹاپ لسٹ میں شامل افراد کو سختی سے روکنے کی ہدایت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close