الیکشن کا بگل بجتے ہی وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو حلقہ یاد آ گیا، درخت لگانے، کچرا اٹھانے والی گاڑیاں فراہم کرنے کی ہدایت

سیہون(آئی این پی)عام انتخابات کی تیاری کے سلسلہ میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے حلقہ میں عوام سے ملاقاتیں شروع کر دیں۔وزیر اعلی سندھ سید مرادعلی شاہ نے اپنے آبائی ضلع جامشورو سے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے اہم ملاقات کی، مراد علی شاہ نے ضلع کونسل جامشورو، میونسپل کمیٹیز اور ٹان کمیٹیز کے چیئرمین، وائس چیئرمین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔اجلاس میں وزیر بلدیات ناصر شاہ، پی پی ضلعی صدر سید آصف علی شاہ، سیہون کے صدر امان اللہ شاہانی، سید شہزاد حیدر شاہ، صدیق میمن اور دیگر نے شرکت کی، وزیراعلی سندھ نے نئے نمائندوں کو منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام نے آپ پر اعتماد کر کے آپ کو ووٹ دیا، ابھی آپ نے عوام کے اعتماد کا احترام کرنا ہے، ہمارے دیہاتوں کے لوگ عزت اور محبت کرنے والے لوگ ہیں، ہمیں اور آپ کو ان کی خدمت کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے اپنے علاقوں کو صاف ستھرا رکھیں، صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور تجاوزات کے مسائل حل کریں، گلی، محلوں کے گٹر، نالوں کا پانی سڑکوں پر بہتا نظر نہیں آنا چاہئے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے دیہات، چھوٹے شہر اب خوبصورت نظر آنے چاہئیں، انہوں نے تمام بلدیاتی نمائندوں کو اپنے علاقوں میں درخت لگانے کی بھی ہدایت کی۔چیئرمینوں نے وزیراعلی سے کچرا اٹھانے والی گاڑیاں مہیا کرنے کی درخواست کی جس پر وزیراعلی سندھ نے وزیر بلدیات کو کچرا اٹھانے والی گاڑیاں مہیا کرنے کی ہدایت کر دی، انہوں نے کہا کہ تمام تعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں فائر بریگیڈ کا بندوبست بھی کیا جائے، ہم سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ریسکیو 1122 کا دائرہ ہر شہر تک لے جائیں گے۔بلدیاتی نمائندوں نے وزیراعلی کو بتایا کہ ان کا زیادہ تر بجٹ تنخواہوں میں جاتا ہے، جس پر وزیراعلی سندھ نے وزیر بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ تنخواہوں کے بجٹ سے متعلق آگاہ کریں، غیر ضروری ملازموں کا خاتمہ گھوسٹ ملازمین کو فارغ کرنے سے ہو گا۔وزیراعلی سندھ نے بلدیاتی نمائندوں نے مسائل بہتر انداز میں سنے اور کہا کہ ہم بلدیاتی اداروں کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close