جیکب آباد (آئی این پی) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ سندھ میں امریکی حکومت کے تعاون سے بچوں کی تعلیم کے لیے 106 اسکول تعمیر کئے جارہے ہیں، جیکب آباد میں تعمیر ہونے والے اسکول کے بہتر نتائج نکلیں گے ، سندھ میں سیلاب کی وجہ سے بہت نقصان ہوا تھا، میں چوتھی بار سندھ کا دورہ کررہا ہوں، امریکی حکومت کی کوشش ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی جلد ممکن ہو، سندھ حکومت کے ساتھ ملکر بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت جیکب آباد کے قصبہ آدم خان پہنور میں ہائی اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ہمیں انتظار ہوگا کہ ہم اس اسکول کے اچھے نتائج دیکھیں ، انہوں نے کہا کہ امریکی ادارے برائے بین الاقوامی ترقی کی مالی معاونت سے سندھ میں پایہ تکمیل تک پہنچنے والے ان 106 جدید اور ماحول دوست اسکولوں کی عمارتوں میں 2024 تک 80 ہزار طالب علم تعلیم حاصل کریں گے، امریکی سفیر کا کہنا ہے کہ سہولیات سے آراستہ ان عمارتوں میں سائنس اور کمپیوٹر کی لیبارٹریز، لائبریری اور جدید فرنیچر کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ مذکورہ اسکول سیلاب سے تحفظ کی پناہ گاہوں کے طور پر بھی کام آتے ہیں اور والدین اور کمیونٹی کی مشغولیات کے مراکز بنتے ہیں۔ماضی میں سندھ کے مختلف علاقوں میں آنے والے سیلاب سے متاثر ہونے والوں نے ان اسکولوں کی عمارتوں سے فائدہ حاصل کیا اور متاثرین نے ان عمارتوں میں آکر پناہ لی تھی۔ تقریب سے سیکریٹری تعلیم شیرین مصطفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کام تعلیم دینا ہے اور والدین کا کام اپنے بچوں کو اسکول تک پہنچانا ہے، اساتذہ اسکول میں بچوں کو تعلیم دیں تاکہ ہمارا معاشرہ بہتر ہوسکے، جب تک تعلیم بہتر نہیں ہوگی ہم ترقی نہیں کرسکتے اس کے لیے ہمیں ملکر کام کرنا ہوگا ہماری تعلیم کی بہتری کے لیے امریکہ ہماری مدد کررہا ہے اس لیے ہمیں اپنی مدد خود بھی کرنا ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں