ٹھٹھہ(آئی این پی)پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا پیپلزپارٹی ن لیگ سمیت کسی جماعت سے الیکشن اتحاد نہیں کرے گی، اتوار کے روز ٹھٹھہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نثار کھوڑو نیکہا پیپلز پارٹی اپنے پلیٹ فارم پر عام انتخابات لڑے گی، آئین کے ہوتے ہوئے ملک میں صدارتی نظام نہیں آسکتا، اگر آئین کو توڑنے کی ہمت ہے تو پھر صدارتی نظام لا کر دکھائیں، ہر الیکشن میں پیپلزپارٹی مخالف اتحاد بنتے رہے ہیں،
انہوں نے کہا مخالفین کا اتحاد ہی انتخابات سے قبل شکست کا اعتراف ہے، نگران حکومت دو سال حکومت کرنے کا سوچے بھی نہیں ورنہ عوام کا سخت رد عمل آئے گا، نگران حکومت لمبا عرصہ حکومت نہیں کرسکتی یہ عمل غیرآئینی ہوگا،پیپلز پارٹی احتساب کے خلاف نہیں ہے، اگر کسی پر مقدمہ ہے تو عدالت میں ثابت کیا جائے، کارکن عام انتخابات کی تیاری کریں، آئینی طور پر انتخابات 90دن میں کرائے جائیں، حلقہ بندیوں میں جب نشستیں بڑھ نہیں رہیں تو پہر حلقہ بندیوں میں اتنا وقت کیوں ضائع کیا جا رہا ہے،نثار کھوڑو ٹھٹھہ نے کہا آئینی مدت میں انتخابات ہوں اور عوام کی منتخب حکومت وجود میں آئے، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے روزگار کے خلاف ہیں، لوگوں کے روزگار پر لات مارنا عوام دشمنی ہے، نگران حکومت بھی مہنگائی ہر قابو پانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے، عمران حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدے کی خلاف ورزی کی وجہ سے ملک کی معیشت پر بوجھ پڑا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں