کراچی(آئی این پی)وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹوکی کاوشیں رنگ لے آئیں،بھارتی قید سے رہائی پانے والے9 پاکستانی ماہی گیرلاہور سے کراچی پہنچ گئے، ایدھی فائونڈیشن ٹاور پررہائی پانے والے ماہی گیروںکا ایڈمنسٹریٹر فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی نے شاندار استقبال کیا ،فی کس 20ہزار روپے نقد مالی امداد فراہم تفصیلات کے مطابق بھارتی قید سے رہائی پانے والے 9 پاکستانی ماہی گیر ہفتہ کے روز لاہور سے کر اچی پہنچ گئے ۔ایڈمنسٹریٹر فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی نے ایدھی فائونڈیشن ٹاور پررہائی پانے والے پاکستانی ماہی گیروں کا استقبال کیا۔رہائی پانے والے پاکستانی ماہی گیر اپنے اہل وعیال کو دیکھ کر فرط جذبات سے آبدیدہ ہو گئے۔
رہائی پانے والے ماہی گیر 2017اور2018میں بھارتی فورسیز کے ہاتھوں گرفتار ہوئے تھے۔تمام ماہی گیر ٹھٹھہ اور کے ٹی بندر کے رہائشی ہیں۔ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے بھارتی قید رہائی پاکر کراچی پہنچنے والے پاکستانی ماہی گیروں کو مباکباد پیش کی۔اور انہیں اجرک کا تحفہ و20ہزار روپے نقد فوری مالی امداد فراہم کی۔ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بڑی خوشی کی بات ہے۔کہ پاکستان اور بھارت میں اب برف پگھل رہی ہے۔پاکستان نے 198بھارتی ماہی گیروںکو رہا کیا۔تو بھارت نے بھی 9پاکستانی ماہی گیروں کو رہائی کا پروانہ جاری کر دیا۔پاکستان نے یکم جون کو ایک بار پھر جذبہء خیرسگالی کے تحت مزید200بھارتی ماہی گیروں کو رہا کرنے کا شاندار فیصلہ کیا ہے۔جوکہ خوش آئند ہے۔ایڈمنسٹریٹر فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی نے امید ظاہر کی کہ بھارت کو بھی خوشدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 97پاکستانی ماہی گیروں کو فوری طور پر رہا کر دینا چاہئے۔تاکہ دونوں ملکوں میں بھائی چارے کی فضاء پروان چڑھ سکے۔
ایڈمنسٹریٹر فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے بہتر تعلقات کا غریب ماہی گیروں کو فائدہ ہو گا۔اور وہ بہتر طور پر اپنی روٹی روزی کا بندوبست کر سکیں گے۔رہائی پانے والے ماہی گیروں میں ابراہیم تھیم،قاسم،اچھارسمار ملاح،شیر علی،صالم، احمد،بخش،محمد اقبال اور عبدالمجید شامل ہیں۔ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر خارجہ اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ماہی گیروں کے لئے کی جانے والی کاوشیں رنگ لائی ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کوشش سے بھارت کی قید میں رہ جانے والے دیگر پاکستانی ماہی گیر بھی بہت جلد اپنے وطن پاکستان میں ہوں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدہ تعلقات کے باوجوددونوں ملکوں کی طرف سے ایک دوسرے کے قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔پاکستان کی طرف سے 198ماہی گیروں کی رہائی کے بعدبھارت نے بھی 9پاکستانی ماہی گیروں کو رہا کر دیا جوکہ خوش آئند ہے۔اب پاکستان نے پھر فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 200بھارتی ماہی گیروں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔رہائی پانے والے بھارتی ماہی گیروں کو یکم جون کو لاہور روانہ کیا جائے گا۔جہاں انہیں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں