رینجرز موبائل کی موٹر سائیکل سوار کو ٹکر معمہ بن گئی

کراچی(آئی این پی)پاک کالونی کے علاقے میں رینجرز موبائل کی جانب سے موٹر سائیکل سوار شہری کو ٹکر مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، قیاس آرائیوں کے بعد واقعہ معمہ بن گیا ہے۔رینجرز ذرائع کے مطابق پاک کالونی میں رینجرز کی نفری نے موٹر سائیکل سوار شہری کو ناکے پر روکنے کی کوشش کی تھی، شہری کو میوہ شاہ قبرستان کے قریب مبینہ منشیات بیچنے کے شبے میں روکا جا رہا تھا۔

رینجرز نے موقف اپنایا ہے کہ مبینہ منشیات فروش دوران چیکنگ رینجرز اہلکار کو ٹکر مار کر بھاگ نکلا تھا، رینجرز کی گاڑی نے پیچھا کر کے ملزم کی موٹرسائیکل کو ٹکر مار کر گرا دیا۔رینجرز ذرائع نے مزید بتایا کہ مبینہ ملزم رینجرز کی حراست میں ہے، جس سے تفتیش کی جا رہی ہے، چند روز قبل پاک کالونی کے علاقے میں تاجر پر فائرنگ ہوئی جس کے بعد پاک کالونی پر سنیپ چیکنگ بڑھا دی گئی تھی۔خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں 3 رینجرز اہلکاروں کو موٹرسائیکل سوار پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے، متاثرہ شہری رینجرز کی حراست میں ہے جبکہ رینجرز موبائل کی جانب سے شہری کو ٹکر مارنے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں