کراچی (آئی این پی)مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویڑن کے جنرل سیکریٹری ناصر الدین محمود نے ڈویڑن کے تمام عہدیداران اور ساتوں اضلاع کے صدور وجنرل سیکریٹریز کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جس میں سندھ کے سینیئر نائب صدر علی اکبر گجر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میںسلطان بہادر ، ندیم اختر آرائیں ، علی عاشق گجر، امتیاز خان ،محسن جاوید ، ملک شیر احمد اعوان ، رانا محمد وارث ، نوشاد اختر، طارق محمود ،نویدبشیرراجپوت، عبدالقیوم سالار زئی نے بھی شرکت کی۔شرکائے اجلاس نے میاں محمد نواز شریف کی پاکستان آمد کے حوالے سے ان کے عظیم الشان استقبال کی تیاریوں پر مشاورت کی گئی۔
پی پی آئی کے مطابق اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ کراچی کے ساتوں اضلاع میں استقبالی کیمپس لگائے جائیں گے مزید یہ کہ کارکنان کو فعال کرنے کے لیے ساتوں اضلاع میں اس سلسلے میں خصوصی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ میاں محمد نواز شریف پاکستان کے جس شہر میں جس تاریخ کو آنے کا اعلان کریں گے کراچی سے ہزاروں کارکنان ان کے والہانہ استقبال کے لیے کراچی سے قافلوں کی صورت میں وہاں جوق در جوق پہنچیں گے۔ اجلاس میں 25 دسمبر کو قائد اعظم محمد علی جناح اور قائد مسلم لیگ ( ن) میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کی تقریب پر مشاورت کی گئی اور اس سلسلے میں خصوصی پروگرام منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ مزید کرسمس کے حوالے سے بھی کیک کٹنگ کی تقریب پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں قائد اعظم محمد علی جناح کی مزار پر حاضری کے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں پارٹی کی کراچی ڈویڑن اور اس کے تمام اضلاع کی تنظیمی صورت حال پر غور و خوض کیا گیا اور اسے مزید فعال کرنے کے ضمن میں چند تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ اجلاس میں جنوری 2023 میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انتخابی مہم کا جائزہ لیا گیا۔ اس ضمن میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ صوبائی اور ڈویڑنل عہدیداران کراچی کے تمام امیدواران کے دفاتر اور جلسوں یا جلسوں میں شرکت کریں گے۔ اجلاس کے اختتام پر میاں محمد نواز شریف کی قیادت اور میاں محمد شہباز شریف کی سربراہی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا اور ان کی قیادت میں پاکستان کی ترقی اور قوم کی خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں