سستے بازار سے ایک ساتھ 10 موٹر سائیکلیں چوری ہونے کا انکشاف

کراچی (آئی این پی) نیو کراچی یوپی کے سستے بازار سے ایک ہی جگہ سے 10 موٹر سائیکلیں چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ہر بدھ اور اتوار کو یوپی کے بازار سے مسلسل درجن بھر سے زائد بائیک چوری ہورہی ہیں مگر نیوکراچی پولیس خاموش ہے۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا، لوٹ مار کی وارداتوں کے ساتھ ساتھ گاڑیوں اور بائیک کی چوری اپنی عروج پر ہے، مختلف گروہ مختلف علاقوں میں سرگرم ہیں جو گاڑیاں اور بائیک چوری کرکے فوری طور پر انہیں کھول کر چھپا دیتے ہیں۔

اسی طرح تھانہ نیوکراچی کی حدود میں بدھ اور اتوار کو لگنے والے یوپی کے بازار سے بائیک چوری کرنے کے لیے گروہ مسلسل سرگرم ہے، سندھ گورنمنٹ اسپتال کے اردگرد سے ہر بدھ اور ہر اتوار کو بازار آنے والے درجن بھر سے زائد شہری اپنی موٹر سائیکلوں سے محروم ہورہے ہیں۔ایک روز قبل بدھ کو یوپی کے بازار میں سندھ گورنمنٹ اسپتال کے مرکزی دروازے کے پاس نالے کے قریب پارکنگ سے دس کے قریب موٹر سائیکلیں چوری ہوگئیں، شہری کافی دیر تک پہلے تو اپنی اپنی موٹر سائیکلیں ڈھونڈتے رہے پھر تھک ہار کر 15 پر انٹری کرانے کے بعد تھانہ نیو کراچی چلے گئے جہاں انہوں نے شکایات درج کرائیں۔متاثرہ شہری وسیم احمد صدیقی نے میڈیا کو بتایا کہ والدہ کے ساتھ بازار آیا اور سندھ گورنمنٹ کے مرکزی دروازے کے ساتھ نالے کے پاس بائیک پارک کی، آدھے گھنٹے بعد آیا تو بائیک kky 7159 غائب تھی، تھانے گیا تو وہاں پہلے سے کئی افراد موجود تھے جن کی موٹر سائیکلیں لاک ہونے کے باوجود نالے کے پاس سے غائب ہوئیں، پولیس نے میری شکایت بھی درج کی اور نمبر الاٹ کیا تو معلوم ہوا کہ صرف ایک دن میں تقریبا 10 کے قریب لوگ صرف اسی بازار سے بائیک چوری کی شکایت لے کر آئے تھے۔تھانے میں موجود ایک شہری نے بتایا کہ اس کی موٹر سائیکل میں بڑا تالا موجود تھا اس کے باوجود بائیک چوری ہوگئی، ایک اور شہری نے بتایا کہ وہ محض چند منٹ کے لیے بائیک کھڑی کرکے امرود خریدنے بازار گیا اور واپس آیا تو بائیک غائب تھی، ایسا لگا کہ جیسے کوئی تاک میں بیٹھا ہو اور میرے جاتے ہی بائیک لے گیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close