مہنگائی کیخلاف 4مارچ کو سراج الحق کی قیادت میں احتجاجی دھرنے کا اعلان

کراچی(آئی این پی)امیرجماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے مہنگائی، سودی نظام معیشت اورحکومت کے عوام دشمن فیصلوں کے خلاف 4مارچ کو سکھرمیں سراج الحق کی قیادت میں احتجاجی دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی آئی قیادت کے مہنگائی،کرپشن ختم،لوٹی ہوئی دولت واپس،انصاف اورعوام کے حقوق کا تحفظ سمیت رلیف دینے کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔ملکی حالات مایوس کن،وطن عزیز معاشی وسیاسی بحرانوں کی زد میں ہے۔

اس لیے جماعت اسلامی نے ملک بھر میں مہنگائی وظالمانہ وغلامانہ فیصلوں کے خلاف ملک بھر میں 101دھرنے دے گی جبکہ آخری دھرنا اسلام آباد میں ہوگا۔حکمرانوں کی غلامانہ وعوام دشمن معاشی پالیسوں کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان اورعام آدمی کی زندگی اجیرن بن گئی ہے،تبدیلی کا نعرہ بربادی وتباہی ثابت ہوا ہے۔اسلام کا عادلانہ نظام اوردیانتدارقیادت ہی ملک کو ترقی وخوشحالی کی طرف گامزن اورعوام کومسائل سے نجات دلا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ٹنڈوآدم پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے ٹنڈوآدم پریس کلب کے نومنتخب صدر امداد راہی، نائب صدر حاجی خان سولنگی،

جنرل سیکریٹری جاوید مصطفٰی خازن احمد رمضانی، آفس سیکریٹری محمد صدیق مستانہ، چیئرمین ورکنگ کمیٹی غلام شبیر پنہور، ممبران سلمان شیخ، جاوید عالم راجپوت سمیت دیگر ممبران کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ضلعی امیر محمد رفیق منصوری، نائب امیر مشتاق احمد عادل،جنرل سیکریٹری عبدالغفور انصاری، مقامی امیر عبدالستار انصاری، نائب امیر حاجی نور حسن بھی موجود تھے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ سندھ حکومت نے الیکشن میں اپنی من مانی اور من پسند نتائج حاصل کرنے کیلئے تمام قواعد و ضوابط کو روندتے ہوئے ٹنڈوآدم، ضلع سانگھڑ سمیت سندھ بھر میں انتخابی حلقہ بندیاں کی ہیں جو کہ سراسر ظلم و ناانصافی پر مبنی ہے جسے جماعت اسلامی مسترد کرتی ہے۔

ٹنڈوآدم جوہر آباد سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج کا نظام خراب ہے پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے صحت و صفائی کی صورت حال انتہائی ناقص ہے جبکہ حیسکو کی ناجائز لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے معیشت کو تباہ کردیا ہے صنعتی ترقی کا پہیہ جام ہوگیا ہے آٹا مافیا چینی مافیا کھاد مافیا کی وجہ سے غریب طبقہ جو پہلے مہنگائی کے بوجھ تلے دب گیا تھا اس طبقے کو مزید دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن پارٹیوں نے باری باری حکومت کی ہے وہ عوام کو ریلیف نہیں دے سکتیں عوام کو ریلیف دیانت دار صادق و امین قیادت ہی دے سکتی ہے جو عوام کے سامنے جماعت اسلامی کی صورت میں موجود ہے۔نوابشاہ،لاڑکانہ سمیت جہاں بھی تعلیمی اداروں میں معصوم طالبات کے حوالے سے جو باتیں سامنے آرہی ہیں وہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہیں اس پر حکومت کو سخت نوٹس لینا چاہیے جبکہ غریبوں کی زمینوں پر طاقتور لوگ زبردستی قبضہ کرکے بے گناہ لوگوں کا خون بہا رہے ہیں ان واقعات میں پولیس کی کارکردگی مایوس کن ہے سکھر میں معمولی بات پر قتل عام ہوا ہے سندھ حکومت کہاں ہے؟

انسانی جان کی کوئی قدر و قیمت باقی نہیں رہی ناظم جوکھیو،فہمیدہ سیال،امہ رباب،پروین رند واقعے میں ملوث ملزمان کو عبرت ناک سزادی جائے۔سندھ حکومت شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اورقام امن کے لیے اپنی ذمے داریاں پوری کرے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close