تیسر ٹاؤن میں شراب خانے کا اجازت نامہ ، علماء مخالفت کے لیے میدان میں آ گئے

کراچی(آئی این پی)جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی پی ایس 122 کے سیکریٹری جنرل محمد شریف گبول، مولانا عبد العلیم اظہر، قاری طلحہ زبیر سواتی، مولانا بختیار کاکڑ، مولانا عبداللہ صافی اور حبیب باجوڑی نے تیسر ٹاؤن سیکٹر 35 ضلع غربی کی حدود میں شراب خانہ کھولنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شراب خانے کا اجازت نامہ فی الفور منسوخ کیا جائے حکومتی اقدام کیخلاف علاقے میں شدید اشتعال پایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شراب حرام، تمام برائیوں کی جڑ اور مسلمان معاشرے کیلئے زہر قاتل ہے، مقامی مسلمانوں کے ساتھ غیر مسلم کمیونٹی بھی شراب خانے کیخلاف سراپا احتجاج ہے، مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں نے بار بار شراب خانے کے قیام کیخلاف درخواستیں دے رکھی تھیں، لیکن حکومتی ڈھیٹ پن ہیکہ پھر بھی شراب خانے کا لائسنس جاری کردیا گیا، مقامی آبادی کی شدید مخالفت کے باوجود سرکاری سرپرستی میں شراب خانہ کھولنا کئی سوالات کو جنم لے رہا ہے،

مولانا سمیع سواتی نے کہا کہ شراب نوشی کے کلچر کو فروغ سے حکومت مادرپدر آزاد معاشرے کی تشکیل چاہتی ہے ہم اس مکروہ کلچر کو عام کرنے کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، اگر حکومت نے مذکورہ شراب خانے کا لائسنس فوری ختم نہ کیا تو عوامی احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں