لاہور: دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ کے بعد اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 45 ہزار 160 کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔
کمشنر لاہور کے مطابق آج صبح 9 سے 10 بجے کے دوران شاہدرہ سے ایک لاکھ 60 ہزار کیوسک پانی گزرنے کا امکان ہے تاہم صورتحال تاحال قابو میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دریائے راوی کی گنجائش ڈھائی لاکھ کیوسک ہے اور ضلعی انتظامیہ سمیت تمام محکمے ہائی الرٹ پر ہیں۔
دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی کا دباؤ کچھ کم ہوا ہے اور بہاؤ ایک لاکھ 52 ہزار کیوسک رہ گیا ہے۔ دریائے چناب میں بھی پانی کے بہاؤ میں کمی دیکھی گئی ہے تاہم صورتحال اب بھی تشویشناک ہے۔ ہیڈ خانکی پر بہاؤ ساڑھے 10 لاکھ کیوسک سے کم ہو کر 9 لاکھ 5 ہزار کیوسک رہ گیا، جبکہ ہیڈ قادر آباد پر پانی کا بہاؤ 10 لاکھ 45 ہزار 601 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دریائے ستلج پر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک سے تجاوز کرگیا ہے، جس کے باعث وہاں بھی غیر معمولی سیلاب کی صورتحال ہے۔ اسی طرح ہیڈ مرالہ پر 2 لاکھ 40 ہزار کیوسک کے ساتھ اونچے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ راوی میں بلوکی اور ستلج میں سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب موجود ہے۔
ادھر پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے تباہی ہوئی ہے۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں 7 افراد جاں بحق اور 3 لاپتہ ہوگئے۔ کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں گجرات سے 3، سیالکوٹ سے 2 اور نارووال و گوجرانوالہ سے 1،1 شخص شامل ہے۔ سیالکوٹ کے علاقے سمبڑیال میں 3 افراد کے لاپتہ ہونے کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں