سی سی ڈی کا خوف، بڑے غنڈے قرآن اٹھا کر معافیاں مانگ رہے ہیں: وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سی سی ڈی (کاؤنٹر کرائم ڈپارٹمنٹ) کے خوف سے بڑے بڑے غنڈے قرآن اٹھا کر معافیاں مانگنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ڈی جی پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا شکریہ ادا کرتی ہوں، جن کی قیادت میں منشیات کے خاتمے کی جانب اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ فورس میں بہترین اور فرض شناس جوان شامل کیے گئے ہیں، اور یہ فورس منشیات جیسی لعنت کے خلاف فرنٹ لائن پر ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک صحت مند پاکستان کی تشکیل ہے، اور اس کے لیے ضروری ہے کہ نوجوان تعلیم اور صحت پر توجہ دیں۔ منشیات اسکولوں اور یونیورسٹیوں تک پہنچ چکی ہیں، جس کا ہر قیمت پر خاتمہ کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اسپیشل فورس “ٹیرا” تشکیل دی گئی ہے، جبکہ جرائم کے خلاف سی سی ڈی مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے خطاب کے دوران فورس کے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جذبے اور ہمت سے میدان میں اتریں گے تو کامیابی آپ کا مقدر ہوگی۔ اب پنجاب میں صرف مسائل کا حل ہوگا، کوئی سیاسی مصلحت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کے درمیان زہر گھولنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بہادری پسند ہے، اور میں بہادر انسان کی عزت کرتی ہوں۔ جو جوان ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی نبھائیں گے، اللہ ان کی مدد فرمائے گا۔ یہ وردی صرف لباس نہیں، بلکہ ایک عزم اور ذمہ داری کی علامت ہے کہ آپ نے ہر برائی کا خاتمہ کرنا ہے۔ مریم نواز نے آخر میں کہا کہ آپ نے آنے والی نسلوں کو منشیات جیسی تباہی سے بچانا ہے، اللہ تعالیٰ آپ کو اس مشن میں کامیاب کرے تاکہ پاکستان کا سر ہمیشہ فخر سے بلند رہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close