شیر کا خاتون اور دو بچوں پر حملہ، سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل

شیر کا خاتون اور دو بچوں پر حملہ، سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل۔۔۔۔۔۔ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں واقع فارم ہاؤس کے شیر نے حملہ کرکے خاتون اور دو بچوں کو زخمی کردیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فارم ہاؤس میں رکھے شیر کا جنگلہ کھلا رہ گیا تھا۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیر فارم ہاؤس کی دیوار پھلانگ کر سڑک پر آجاتا اور سامنے سے آنے والی خاتون کو زخمی کردیتا ہے۔اسی دوران فارم ہاؤس سے ایک شخص شیر کے پیچھے بھاگتا ہے اور خاتون کو بچانے کی کوشش کرتاہے، جس پر شیر خاتون کو چھوڑ کر آگے بڑھ جاتا ہے اور 2 بچوں کو زخمی کر دیتا ہے۔پولیس کےمطابق یہ فارم ہاؤس 2 بھائیوں ملک اعظم عرف شانی اور ملک ناظم کا ہے۔

شیر کے حملے سے زخمی 5 سالہ زویا، 7 سالہ اذہان اور 27 سالہ ثمینہ کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والو ں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد وائلڈ لائف کی ٹیم فارم ہاؤس کی جانب روانہ کردی گئی۔ترجمان محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق ملک اعظم عرف شانی شیر کو لے کر رُوپوش ہوگیا ہے اور دونوں کی تلاش جاری ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ٹیمیں شیر کی برآمدگی اور مالک کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہیں، جبکہ ایف آئی آر کے لیے کارروائی کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close