دفعہ 144 نافذ، سیکیورٹی انتظامات سخت۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ صوبہ پنجاب میں محرم الحرام کے مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس نے سخت انتظامات کیے ہیں۔
پولیس کے مطابق پنجاب میں 37 ہزار 500 سے زائد اہلکار جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی پر تعینات ہیں، لاہور میں 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔پولیس نے بتایا کہ صوبہ بھر میں آج 547 عزاداری جلوس، 3804 مجالس منعقد ہو رہی ہیں۔ لاہور میں 42 عزاداری جلوس برآمد، 410 مجالس منعقد ہو رہی ہیں۔پولیس کے مطابق پنجاب میں سیکیورٹی انتظامات میں 19 ہزار سے زائد کمیونٹی رضاکار معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی، حکومت پنجاب کی طرف سے نافذ دفعہ 144 پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر پابندی ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے سوا جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں ہوگی، سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ اور پیرو سمیت دیگر فیلڈ فارمیشنز محرم الحرام میں سیکیورٹی پر تعینات ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی پاسداری پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر کے مرتکب قانون شکن عناصر کی سرکوبی یقینی بنائیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز سینٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک، ہمہ وقت رابطہ میں ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں