لاہور میں خاتون ایس ایچ او گرفتار۔۔۔۔۔۔۔۔۔ لاہور میں واقع لٹن روڈ ویمن پولیس اسٹیشن کی ایس ایچ او کو غیر قانونی طور پر 9 ایم ایم پستول گھر پر رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
نجی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے حکم پر پولیس میں اختیارات کے ناجائز استعمال، کرپشن اور بدانتظامی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت خاتون ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کی گئی۔لاہور کی مقامی پولیس کے مطابق خاتون ایس ایچ کے خلاف کارروائی ایک ملزم کی نشاندہی پر کی گئی تھی، کارروائی کے دوران ایس ایچ او ثانیہ کی رہائش گاہ سے ڈکیتی میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کیا گیا۔
پولیس کے مطابق لاہور میں ڈکیتی کی واردات میں ملوث ایک ملزم نے پولیس کے سامنے انکشاف کیا تھا کہ اسٹریٹ کرائم کے دوران اس نے نائن ایم ایم پستول استعمال کیا تھا جو کہ اب خاتون ایس ایچ او کی غیر قانونی تحویل میں ہے۔پولیس نے ملزم کے اس دعوے پر کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او کے گھر پر چھاپہ مارا اور پستول برآمد کر لیا۔ایس ایچ او ثانیہ کو ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے حکم پر گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں