لاہور میں 170 سے زائد گرفتار

لاہور پولیس کا پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ رواں ماہ کے پہلے 25 دنوں میں 179 مقدمات درج اور 179 گرفتاریاں ہوئیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق 25 دنوں کی کارروائی کے دوران سیکڑوں پتنگیں اور 167 چرخیاں برآمد کی گئیں۔ آن لائن پتنگیں بیچنے والے گروہ سمیت بڑے سپلائر پکڑے گئے، گلشن راوی میں ایک فیکٹری بھی پکڑی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ پتنگ بنانا، بیچنا، اڑانا یا ڈیلیور کرنا ناقابل ضمانت جرم ہے، یہ خونی کھیل ہے اور علماء بھی اسے غیر شرعی قرار دے چکے ہیں، والدین سے اپیل ہے کہ بچوں کو اس جرم سے بچائیں۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز پتنگ بازوں اور پتنگ فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائیں۔انہوں نے کہا کہ جان لیوا سرگرمی کی ہرگز اجازت نہیں، ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرینس اپنائیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ رواں سال صوبے میں 481 ملزمان گرفتار، 468 مقدمات درج کیے گئے، 30 ہزار سے زائد پتنگیں، 953 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں جبکہ 300 سے زائد کیسز کے چالان جمع ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور میں 180 سے زائد ملزمان گرفتار کیے گئے، 187 مقدمات درج کیے گئے، 1000 سے زائد پتنگیں، 210 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔گزشتہ سال صوبے بھر میں 12 ہزار 525 ملزمان گرفتار کیے گئے جبکہ 11 ہزار 866 مقدمات درج کیے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close