لاہور(آئی این پی)س لاہور ہائیکورٹ نے رہنما تحریک انصاف حسان نیازی سے الیکشن کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کروانے کی ہدایت کر دی۔جسٹس علی باقر نجفی نے حسان نیازی کی والدہ کی درخواست پر چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔عدالتی فیصلے کے مطابق حسان نیازی اس وقت جناح ہاس حملہ کیس میں کمانڈنگ آفیسر کی کسٹڈی میں ہیں، درخواست گزار کے مطابق حسان نیازی الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں لیکن کاغذات نامزدگی پر دستخط کہ اجازت نہیں دی جا رہی، درخواست گزار نے یہ نہیں بتایا کہ حسان نیازی کس حلقہ سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔
تحریری فیصلے کے مطابق سرکاری وکیل نے اعتراف کیا کہ حسان نیازی سزا یافتہ نہیں ہیں، وہ الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں، سرکاری وکیل نے بتایا ان کا کمانڈنگ آفیسر سے رابطہ نہیں ہو رہا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے آرمی ایکٹ کی کوئی ایسی شق نہیں بتائی جس کے تحت زیر ٹرائل ملزم الیکشن میں حصہ نہ لے سکے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ حسان نیازی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے کاغذات پر دستخط کرنا چاہیں تو انہیں اجازت دی جائے۔عدالت نے حسان نیازی کی درخواست نمٹاتے ہوئے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالتی حکم سے متعلق کمانڈنگ آفیسر کو آگاہ کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں