پی آئی اے نجکاری کے خلاف درخواست پر کارروائی شروع

لاہور (آئی این پی)لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان ایئر لائنز (پی آئی اے )کی نجکاری کے خلاف درخواستوں پر فریقین کو جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف نبیل احمد جاوید کاہلوں کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ نگران حکومت کو روز مرہ امور چلانے کا اختیار ہے، نگران حکومت پالیسی معاملات پر فیصلے نہیں کرسکتی، نگران حکومت نے قومی ادارے پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ کیا، پی آئی اے کی نجکاری کیلئے نگران حکومت نے اقدامات بھی کرلئے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق نگران حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری کا اختیار نہیں، قومی اثاثے پی آئی اے کی نجکاری کی بجائے اصلاح کی جائے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت نگران حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری سے روکنے کا حکم دے،لاہور ہائیکورٹ پی آئی اے کی نجکاری کے اقدامات کالعدم قرار دے۔دوران سماعت نجکاری کے معاملے پر پی آئی اے کی جانب سے جواب جمع کروا دیا گیا جبکہ دیگر فریقین نے جواب جمع کروانے کیلئے مہلت مانگ لی۔عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے تمام فریقین کو جواب جمع کروانے کی مہلت دے کر سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close