لاہور (آئی این پی)پنجاب حکومت نے کاشتکاروں کو کھاد کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے ڈیلروں کی دکانوں پر یوریا کی فروخت کی مکمل مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے ور اس سلسلے میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ہدایات چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کے دوران جاری کی گئیں۔
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ کھاد ڈیلروں کی دکانوں پر محکمہ زراعت اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار تعینات کئے جائیں اور ڈیلروں کوکھاد کی فروخت اور سٹاکس کا ڈیٹا روزانہ کی بنیاد پر فراہم کرنے کا پابند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کریگی، یوریا کی دیگر کھادوں کیساتھ مشروط فروخت کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ کھاد کی مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ کھاد بنانے والی کمپنیوں کو از خود قیمتیں بڑھانے کا اختیار نہیں، محکمہ زراعت صوبہ میں کھادوں کی قیمتیں نوٹیفائی کرے۔ سیکرٹری زراعت نے کھاد کی گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف جاری کریک ڈاؤن بارے بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ نومبر میں 87کھاد ڈیلروں کو گرفتار، 219مقدمات درج، 50ہزار سے زائد کھاد کی بوریاں ضبط اور دوکروڑ روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت، ڈی جی زراعت اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں