لاہور میں مصنوعی بارش برسانے کا منصوبہ

لاہور (آئی این پی) لاہور میں مصنوعی بارش برسانے کے منصوبے پر عملدرآمد کے لئے ورکنگ گروپ قائم کر دیا گیا ، ورکنگ گروپ متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں اورر یسرچ سے وابستہ عسکری اداروں کے نمائندوں پر مشتمل ہے۔ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلا س میں کیاگیا جس میں تحفظ ماحولیات، زراعت، خزانہ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، وفاقی اور عسکری اداروں کے حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں لاہور میں مصنوعی بارش برسانے، سموگ ریڈکشن ٹاور کی تنصیب کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔محکمہ تحفظ ماحولیات کے حکام نے مصنوعی بارش برسانے کے لئے کلائوڈ سیڈنگ، کلائوڈ آنائزیشن کے طریقہ کار پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کلائوڈ سیڈنگ کے لئے پہلا ٹرائل چار سے چھ ہفتے میں متوقع ہے، ہوائی جہاز استعمال کرتے ہوئے کیمیائی عمل کے ذریعے کلائوڈ سیڈنگ کا زیادہ انحصارموسمی حالات، بادلوں کی تشکیل پر ہے جبکہ کلائوڈ آنائزیشن کے لئے دبئی کی کمپنی سے ایم او یو آخری مراحل میں ہے، اگلے چھ ہفتوں میں دبئی کی کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ پانچ سسٹمزکے ذریعے لاہور میں منتخب جگہوں پر کلائوڈ آنائزیشن کا تجربہ کیا جائے گا۔ لاہور میں سموگ ریڈکشن ٹاورز کی تنصیب کیلئے ماہرین کی ٹیم اگلے ماہ چین جائے گی، منصوبوں کی نگرانی کیلئے محکمہ تحفظ ماحولیات میں مانیٹرنگ سیل قائم کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب حکومت سموگ کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، پنجاب میں سموگ کی روک تھام کی کوششوں میں وفاقی اور عسکری اداروں کا تعاون قابل ستائش ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں