لاہور (آئی این پی) سابق وزیراعظم وپاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کی فیصلہ کن جدوجہد کریں گے، پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے مشروط ہے جسے میاں نواز شریف نے اپنے ہر دور میں ترجیح دی۔گزشتہ روز شہباز شریف سے منڈی بہائوالدین سے سیاسی شخصیات نے ملاقات کر کے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ ریٹائر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد رانجھا ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن)میں شامل ہو گئے۔اس موقع پر سابق ایم این اے ناصر بوسال اورپارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ موجود بھی موجود تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آپ سب کو معمار وطن جماعت میں خوش آمدید کہتا ہوں، مسلم لیگ(ن) عوام کی اکثریت کی نمائندہ اور سب سے بڑی جماعت ہے جو عوام کی خدمت میں اپنا ثانی نہیں رکھتی، محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کی فیصلہ کن جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپکے آنے سے پاکستان کی معاشی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کی جدوجہد مزید تیز ہوگی۔ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد رانجھا نے قائد مسلم لیگ (ن)محمد نواز کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن)کو کامیاب بنائیں گے، مسلم لیگ(ن)کی انتخابی فتح میں ہی پاکستان اور عوام کی بھلائی ہے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ بلوچستان کی ترقی کا سفر دوبارہ آگے بڑھانے کے لیے قائد میاں نواز شریف کے ہمراہ کوئٹہ پہنچے ہیں ،وطن واپسی کے کچھ دن بعد ہی بعد میاں نواز شریف کا یہ دورہ دراصل بلوچستان کی خوشحالی کے لیے ہمارے عزم کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے مشروط ہے جسے میاں نواز شریف نے اپنے ہر دور میں ترجیح دی۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں