راولپنڈی، ن لیگی قیادت کو الیکشن تیاریوں بارے گرین سگنل، ٹکٹوں کی تقسیم پر مشاورت شروع کر دی گئی

لاہور(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر وسابق وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز لاہور میں سینٹر چوہدری تنویر ، سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی اور امیدوار برائے قومی اسمبلی بیرسٹر دانیال چوہدری نے ملاقات کی،ملاقات میں آئندہ الیکشن کیلئے راولپنڈی ڈویژن کی ٹکٹوں کی تقسیم پر مشاورت کی گئی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

شہباز شریف نے راولپنڈی کی لیگی قیادت کو الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے گرین سگنل دیتے ہوئے بھرپور انتخابی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ راولپنڈی میں مسلم لیگ نون نے ہمیشہ کامیابی حاصل کی ہے اس بار بھی بہترین امیدواروں کے ساتھ اتریں گے اور انشااللہ ثابت کریں گے راولپنڈی مسلم لیگ نون کا قلعہ تھا اور ہمیشہ ر ہے گا،جعلی فرزند راولپنڈی اور دیگر مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرائیں گے،مسلم لیگ ن نے مشکل وقت میں اقتدار سنبھال کر ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ،عوام میں جا کر اس بارے میں انہیں آگاہ کریں کہ نیازی نے ملک کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ،مسلم لیگ ن نے تباہ حال معیشت کو سنبھالا دیا،الیکشن میں ملک تباہ کرنیوالے اور ملک بچانے والوں کے درمیان فرق سامنے رکھتے ہوئے اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کریں ،اس موقع پر سینٹرچوہدری تنویر خان،بیرسٹردا نیال چوہدری اور حنیف عباسی نے میاں شہباز شریف کو یقین دہانی کرائی کہ راولپنڈی میں اس بار مسلم لیگ نون کلین سویپ کرے گی اور تمام سیٹیں جیت کر قائد مسلم لیگ نون میاں نواز شریف کو پیش کی جائیں گی انشااللہ انے والا وقت مسلم لیگ نون کا ہے، 2017 میں روکا جانے والا ترقی کا سفر دوبارہ سے شروع کر کے انشااللہ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون نے عمران خان کی پھیلائی ہوئی تباہی کو روکنے کے لیے اپنی سیاست کی قربانی دی اور ملک کو سنبھالا،معیشت کو مستحکم کیا اور ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا مسلم لیگ نون اور نواز شریف ہی عوام کی امید کی کرن ہیں، انشااللہ ان کی امیدوں پر پورا اتریں گے اور پاکستان اور عوام کو ریلیف دے کر خوشحال اور ترقی یافتہ بنائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close