لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پیدا ہونے والا سنگین انتظامی اور آئینی بحران نہایت تشویشناک ہے،لاہور سے جاری بیان میں پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ موجودہ صورتحال صوبے کے عوام اور ملکی سلامتی کیلیے نہایت ہی پریشانی کا باعث ہے،ترجمان نے کہا کہ دستور محض عوام کے منتخب نمائندوں کو انتظامی اختیارات سونپتا اور انہیں فیصلہ سازی کا مجاز بناتا ہے،
خیبر پختونخوا اپنے جغرافیے اور داخلی خدوخال کے اعتبار سے نہایت حساسیت کا متقاضی ہے،پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ افغانستان کے حالات، مرکز میں نگراں حکومت کی ناقص خارجہ حکمت عملی سے صورتحال پیچیدگی اختیار کرتی جارہی ہے، ترجمان نے کہا کہ 90روز کی دستوری مدت میں صوبے میں انتخاب کا انعقاد اور منتخب حکومت کا قیام ناگزیر تھا،بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود اور انتظامی و دستوری بحران کے موثر حل کی کلید فوری انتخاب کے ذریعے منتخب حکومت کا قیام ہے،پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا کہ ماورائے دستور اقدامات پر انحصار کی بجائے ملک بھر میں آئین کی روح کے مطابق صاف شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں