لاہور(آئی این پی)سموگ کی بد ترین صورتحال کی وجہ سے پنجاب کے 8اضلاع میںسمارٹ لاک ڈائون کا نفاذ کر دیا گیا جو اتوار تک جاری رہے گا ،پابندی والے اضلاع میں تعلیمی ادارے، سرکاری و نجی دفاتر بند رہیں گے ،8اضلاع میں آج 10نومبر کی عام تعطیل سے مستثنیٰ قرار دیئے گئے مختلف کاروبار کانوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا جبکہ پابندی والے اضلاع میں آج جمعہ کے روز بینکس ،مالیاتی ادارے ،لاہور ہائیکورٹ سمیت متعدد اضلاع کی ضلعی عدالتوں میں بھی چھٹی ہو گی،پولیس کو سمارٹ لاک ڈائون پر سختی سے عملدرآمد کے احکامات جاری کر دئیے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے سموگ کی بد ترین صورتحال کے پیش نظر آٹھ اضلاع لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ ،قصور ، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، نارووال اور حافظ آباد میں 9سے12نومبر تک عوام کی سر گرمیاں محدود کرنے کے لئے دفعہ 144کا نفاذ کر کے سمارٹ لاک ڈائون کے نفاذ کے اعلان کیا تھا جس پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے ۔محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکے ترمیمی نوٹیفکیشن کے مطابق کال سنٹر زاور انٹر نیشنل آئی ٹی سنٹرز 10نومبر کی عام تعطیل سے مستثنیٰ ہوں گے، میڈیکل سٹورز،فارمیسیز،ویکسی نیشن سنٹرز،پٹرول پمپس،تندور،بیکریاں،کریانہ شاپس،چکن اور میٹ شاپس 10نومبر کی عام تعطیل سے مستثنیٰ قرار، ای کامرس سنٹرز،پوسٹل/کورئیر سروسز،یوٹیلٹی سٹورز،سیلولر نیٹ ورک/ٹیلی کام سنٹرز 10نومبر کی چھٹی سے مستثنیٰ قرار دیئے گئے ۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کی طرف سے چھٹی سے مستثنیٰ قرار دیئے گئے ادارے کھلے رہیں گے۔ تاہم لاہور ڈویژن اور دیگر 4اضلاع میں تعلیمی ادارے اورسرکاری و نجی دفاتر بند رہیں گے۔فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ، ٹائر، پولی تھین بیگ اور چمڑہ جلانے پر پابندی عائد ہوگی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک نے بھی اعلان کیا ہے کہ سمو گ سے متاثرہ اضلاع میں 10نومبر کو بینک بھی بند رہیں گے۔اعلامیہ کے مطابق حکومت پنجاب کے 8نومبر 2023کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاہور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور نارووال کے تمام بینک، مائیکرو فنانس بینک 10 نومبر جمعہ کو اپنی برانچیں بند رکھیں گے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے سموگ کی بد ترین صورتحال کے پیش نظر 10نومبر بروز جمعہ کو8اضلاع میں تعطیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈ منسٹریشن کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ڈویژن کے چاروں اضلاع ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، قصور اور لاہور جبکہ گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور نارووال کے اضلاع میں 10نومبر کو چھٹی ہوگی۔مذکورہ اضلاع میں تعلیمی ادارے اورسرکاری و نجی دفاتر بند رہیں گے۔۔محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق سموگ کی وجہ سے تعطیلات کے باعث امتحانات کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق دس اور گیارہ نومبر کو تمام امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے، لاہوراور گوجرانوالہ ڈویژن میں چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا، مارننگ اور دوسری شفٹ میں امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے سموگ کے باعث لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ سمیت متعدد اضلاع کی ضلعی عدالتوں میں آج 10نومبر بروز جمعہ کو تعطیل کی منظوری دیدی ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق 10نومبر بروز جمعہ لاہور ہائیکورٹ لاہور پرنسپل سیٹ سمیت لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، قصور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور نارروال کی سیشن و سول عدالتیں بند رہیں گی۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی نے اسموگ کی شدت کے باعث لگائے جانے والے اسمارٹ لاک ڈائون پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ پولیس
اہلکار صبح دس گیارہ بجے تک رومیو بن کر گھروں میں رہیں گے تو لاہور کیسے چلے گا۔ڈی آئی جی نے پولیس افسران کو وائرلیس میسج میں کہا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈائون کے دوران فورس 24گھنٹے متحرک رہے گی۔پولیس افسران رومیو پوزیشن تبدیل کریں، اگر صبح دس گیارہ بجے تک گھروں میں رومیو بن کر رہیں گے تو لاہور کیسے چلے گا؟ ،6بجے دفتروں کو تالے لگا کر گھر جانے والا رواج نہیں اور کوئی ایسی کوشش بھی نہ کرے۔ڈی آئی جی نے کہا کہ شہر میں 50کے قریب بڑے اور 170چھوٹے ناکے لگائے جائیں گے، دفعہ 144کے تحت گاڑی میں سوار افراد کی تعداد بھی چیک کی جائے۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں