انا للہ و انا الیہ راجعون، خانیوال کے سابق ایم پی اے انتقال کر گئے

خانیوال (آئی این پی)ضلع خانیوال کے عوام دوست سیاستدان سابق ایم پی اے پی پی 209 نوابزادہ عبدالرزاق خان نیازی مختصر علالت کے بعد خالق حقیقی سے جاملے۔ ان کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر خانیوال میں انکے گائوں 39 دس آر میں ادا کی گئی۔ نمازہ جنازہ میں اہم سیاسی شخصیات استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیر خان ترین ،استحکام پاکستان پارٹی کے صدرعلیم خان ، چوہدری افتخار نذیر سابق ایم این اے ، رانا سلیم حنیف سابق ایم پی اے سمیت سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ موت کی اطلاع خانیوال میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ شہر سوگوارہو گیا ،خانیوال کی سیاست کا ایک روشن ستارہ ڈوب گیا۔

نوابزادہ عبدالرزاق خان 07 جولائی 1950 کو مری میں پیدا ہوئے۔آپ نے 1970 میں فار مین کرسچیئن کالج لاہور سے گریجوایشن کی۔آپ ایک زمیندارہیں جو 1987-90کے دوران ضلع کونسل خانیوال میں رکن /اپوزیشن لیڈر رہے ۔آپ پہلی بار 1985 میں رکن صوبائی اسمبلی پنجاب منتخب ہوئے اور بطور چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات اور ایس اینڈ جی اے ڈی فرائض سر انجام دئیے ۔آپ 2002 میں دوسری بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے ۔2013 کے عام انتخابات میں تیسری بار رکن صوبائی اسمبلی پنجاب منتخب ہوئے ۔آپ یو کے ،یوایس اے،دبئی،بنکاک اور سعودی عرب کا سفر کر چکے ہیں ۔آپ ایک معروف سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔آپ کے چچا محمدسیف اللہ خان عیسیٰ خیل1921-30کے دوران تین مرتبہ لیجسلیٹو کونسل پنجاب کے رکن رہے ۔آپ کے چچا غلام قادر خان (خان بہادر)1937-45کے دوران قانون ساز اسمبلی پنجاب کے رکن رہے۔آپ کے ایک اور چچا کرنل (ریٹائرڈ)محمد اسلم خان 1972-77 اور1977 میں رکن صوبائی اسمبلی پنجاب رہے ۔آپ کی ہمشیرہ محترمہ ذکیہ شاہنواز 1977اور 1985-88 کے دوران رکن صوبائی اسمبلی پنجاب رہی اور اس وقت بطور وزیر سماجی بہبود فرائض سر انجام دے رہی ہیں ۔آپ کے بھائی عبدالرحمان خان 1993-96کے د وران رکن پنجاب اسمبلی رہے اور وزیر جیل خانہ جات کے ساتھ ساتھ مشیر وزیر اعلیٰ بھی رہے۔آپ کے ایک اور بھا ئی عبدالحفیظ خان نیازی 2008-13کے دوران رکن پنجاب اسمبلی رہے اور بطور پارلیمانی سیکرٹری برائے زکوۃ،عشر و بیت المال فرائض سر انجام دئیے ۔آپ کے کزن مقبول احمد خان 1985-88کے دوران رکن قومی اسمبلی رہے اور بطور وزیرمملکت مذہبی واقلیتی امور فرائض سر انجام دیتے رہے ۔ ان کے بڑے صاحبزادے ایاز خان نیازی وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر بھی رہے ۔ نوابزادہ عبدالرزاق خان نیازی کی خدمات خانیوال کیلئے ناقابل فراموش ہیں،تاریخ میں انہیں ہمیشہ سنہرے الفاظ سے یاد رکھا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close