لاہور(آئی این پی )لاہور میں چوہنگ کے علاقہ میں 5 افراد کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔ پولیس نے مقدمہ کے نامزد ملزم صابر کو ڈی جی خان سے گرفتار کر لیا۔چوہنگ میں فائرنگ سے حافظ محمد مرتضیٰ، غلام مصطفی، ملک شہزاد، ملک خادم حسین، اور فہد جاں بحق ہوگئے تھے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود نے پولیس ٹیم کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا۔
ڈاکٹر انوش مسعود کے مطابق گرفتار ملزم صابر مقتولین کا رشتہ دار ہے جس سے مزید تفتیش کی جاری ہے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔یاد رہے کہ لاہور کے علاقے چوہنگ میں 3 بھائیوں سمیت 5 افراد کے قتل کا مقدمہ گزشتہ روز درج کیا گیا تھا۔پولیس نے مقتول شہزاد کی بیوہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا، جس میں دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کیں۔ایف آئی آر میں غلام صابر اور مبشر طفیل کو نامزد کیا گیا۔پولیس کی جانب سے مقدمے میں کہا گیا کہ 2 نامعلوم افراد بھی نامزد ملزمان کے ہمراہ فائرنگ کرتے رہے، ملزمان کا تعلق خان پور سے ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں