لاہور (آئی این پی)سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر وحید ملک کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر میں ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیر قیادت محکمہ کی صوبہ میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے جاری کارروائیوں کے نتیجے میں جھنگ ، بہاولنگر اور چکوال میں ضلعی وائلڈ لائف ریڈ اسکواڈ ز نے نایاب فالکن ، تیتر اور بٹیر سمیت جنگلی پرندگان کے دس غیر قانونی شکاریوں کے چالان کرکے انہیں مبلغ ایک لاکھ بہتر ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا ۔
تفصیل کیمطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع جھنگ محمد اکرم شاہد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پتن موہل نزد ہیڈ تریمو سے فالکن کے غیر قانونی شکار میں مشغول تین شکاریوں کو گرفتار کرکے حوالہ پولیس کیا تاہم ملزمان کی درخواست پر کیس کمپائونڈ کرنیکی درخواست پر تینوں کو مجموعی طور پر پچپن ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا ۔ اسیطرح کی متعدد کامیاب کارروائیوں کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع چکوال عدنان علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ضلع کے مختلف مقامات سے تیتر نیٹنگ اور ائر گن کے ساتھ جنگلی پرندگان کے غیر قانونی شکار میں مشغول پانچ شکاریوں کوگرفتار کرکے انہیں مجموعی طور ایک لاکھ سات ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مدمیںجرمانہ کرکے کیس نمٹا دیئے۔ ایسی ہی دو مختلف کارروائیوں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف بہاولنگر منور حسین نجمی کی سربراہی میں وائلڈ لائف ریڈ اسکواڈ نے فورٹ عباس اور منچن آباد سے جنگلی بٹیر اور تیتر کے دو شکاریوں کو گرفتار کرکے بٹیر کے غیر قانونی شکاری کو دس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیاجبکہ دوسرے شکاری کیخلاف قانونی کارروائی جاری ہے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں