سابق انسپکٹر عابد باکسر دوبارہ کہاں سے گرفتار کیا گیا؟

لاہور (آئی این پی) سرکاری رائفل چھین کر پولیس حراست سے بھاگنے والے سابق انسپکٹر عابد باکسر کو سی آئی اے نے دوبارہ گرفتار کرلیا ،عدالت نے ملزم کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی منظور کرلیا ۔13اکتوبر کو سابق انسپکٹر عابد باکسر مبینہ طور پر پولیس حراست سے فرار ہوگئے تھے اور لاہور پولیس نے کہا تھا کہ عابد باکسر سرکاری رائفلیں چھین کر 3 اشتہاری ملزمان کے ساتھ فرارہو گیا اور ملزم گرفتاری کے بعد پولیس کو للکار رہا تھا۔

ترجمان سی آئی اے پولیس کے مطابق عابد باکسر کو بدھ کی شب قصور میں ایک کارروائی کے دوران دوبارہ گرفتار کرلیا گیا اور تفتیش کے لیے انوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ سابق انسپکٹر کو سی آئی اے سول لائنز کی ٹیم نے گرفتار کیا، ان کے خلاف تین تھانوں میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔دوسری جانب سابق انسپکٹر عابد باکسر کو سرکاری رائفل چھننے اور پولیس حراست سے بھاگنے کے کیس میں انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور میں پیش کیا گیا۔پولیس نے عدالت سے سابق انسپکٹر عابد باکسر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ۔انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کا 7 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اورپولیس کے حوالے کردیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ طلب کرلی اور عابد باکسر کو دوبارہ 26 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔واضح رہے کہ عابد باکسر کے خلاف سرکاری اسلحہ چھیننے اور پولیس حراست سے فرار ہونے کا مقدمہ تھانہ فیصل ٹائون میں درج ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close