غزہ کو لاشوں اور ملبے کا ڈھیر بننے کا انتظار نہ کیا جائے، اسرائیلی مظالم کے خلاف سراج الحق میدان میں آ گئے

لاہور(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسرائیل جنگی جرائم میں ملوث ہے، نہتے اور معصوم فلسطینیوں کا قتل عام اور غزہ پر کیمیکل ہتھیاروں سے حملے کیے جا رہے ہیں۔ عالمی برادری، اقوام متحدہ تماشائی بننے کی بجائے فلسطینیوں کو ان کا جائز اور قانونی حق دلائے۔ اہل فلسطین پر ظلم و جبر کی تاریخ آج سے نہیں 1948 سے شروع ہوتی ہے، یہ قربانیوں کی عظیم جدوجہد ہے۔ اسرائیل ناجائز اور قابض ریاست، اس نے پہلے کبھی عالمی قوانین کی پاسداری کی نہ اب یہ کسی ضابطہ اخلاق کو مان رہا ہے،

امریکا اور مغربی ممالک کا اسرائیل کی زیادتیوں پر کھل کر حمایت کا اعلان قابل افسوس ہے، او آئی سی اور اسلامی ممالک کے حکمران جرات مندانہ مقف اختیار کریں۔ اسلامی دنیا کے حکمران اتحاد کا مظاہرہ کریں تو مسجد اقصیٰ اور فلسطین آزاد ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رہنما موتمر عالم اسلامی و مسلم لیگ (ن)راجہ ظفر الحق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیر جماعت نے غزہ فنڈ کے قیام کا اعلان کیا اور پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اس میں بڑھ چڑھ کر عطیات دیں۔ جماعت اسلامی کے کارکنان مساجد، بازاروں اور گلی کوچوں میں کیمپ لگائیں گے اور مظلوموں کی امداد کے لیے عطیات اکٹھے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 23لاکھ فلسطینی محصور ہیں، جن کے لیے پانی، خوراک بند کر دی گئی ہے، غزہ میں ادویات اور طبی سہولتیں ختم ہو چکی ہیں، انسانی حقوق کے ادارے محصور لوگوں تک مدد کی فراہمی یقینی بنائیں، امت بڑھ چڑھ کر فلسطینیوں کی مالی امداد کرے۔سراج الحق نے کہاکہ اقوام متحدہ کو مسئلہ فلسطین پر جگانے کے لیے پاکستانی عوام کی طرف ایک کروڑ پٹیشن بھیجی جائے گی جس میں اسرائیلی دہشت گردی کو روکنے کا مطالبہ شامل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے اقدامات دنیا کے امن کو تہس نہس کر سکتے ہیںجس سے خدانخواستہ تیسری جنگ عظیم شروع ہو جائے گی، پونے دوارب مسلمان غزہ میں ظلم و جبر دیکھ کر بے چین ہیں، اسلامی ممالک کے حکمران امت کے جذبات کی پوری طرح ترجمانی کریں، ایک اہم ترین اسلامی ملک ہونے کے ناطے پاکستان کو اس سلسلے میں پہل کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اسرائیل کی ننگی جارحیت کی حمایت ترک کرے،عالمی برادری فلسطینیوں کو انصاف دلانے کے لیے منصفانہ کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی منگل کو اسلام آباد میں ہونے والی ”قومی فلسطین کانفرنس” پوری قوم کے جذبات کی عکاسی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کرے۔ امیر جماعت نے کہا کہ غزہ کو لاشوں اورملبے کا ڈھیر بننے کا انتظار نہ کیا جائے، اس ضمن میں فوری عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انھوں نے اس امر کا خیر مقدم کیا کہ ایران اور سعودی عرب نے فلسطین کے حوالے سے آپس میں رابطے شروع کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی جو اپنے شیرخوار بچوں کی پرورش مسجد اقصیٰ کی حفاظت کے لئے کرتے ہیں۔ فلسطینیوں کا پوری امت پر احسان ہے، موقع آن پہنچا ہے کہ عالم اسلام فلسطینیوں کے احسان کا بدلہ دے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین یقینی طور پر آزاد اور اسرائیل کی ناجائز ریاست کا خاتمہ ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close