چیئرمین پی ٹی آئی کس کے قیدی ہیں؟ فردوس عاشق کا بڑا دعویٰ

لاہور(آئی این پی)استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اپنی ذات کے قیدی ہیں، اختلافات سیاسی جماعتوں سے ہوتے ہیں ، فرخ حبیب کی پارٹی میں شمولیت پرانہیں خوش آمدید کہتی ہوں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فرخ حبیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کے بیانیے کوایکسپوز کیا اور آج تحریک انصاف کے ساتھ اپنے سفرکا اختتام کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اپنی ذات کے قیدی ہیں، اختلافات سیاسی جماعتوں سے ہوتے ہیں۔اب صورتحال یہ ہو چکی ہے کہ سربراہ تحریک انصاف کا فین کلب اپنی موت آپ مرچکا ہے۔رہنما آئی پی پی کا کہنا تھا کہ جب کوئی کارکن مشکل میں آتا ہے تو قائد اس کے پیچھے کھڑا ہوتا ہے۔ہمارے ورکرز اور لیڈرز گراس روٹ لیول پر کام کرر ہے ہیں،آنے والے دنوں میں عوامی رابطہ مہم میں جلسے کریں گے۔انہوںنے کہا کہ اداروں پر حملہ کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا، اگر پارٹی میں شامل 9مئی واقعات کے ذمہ دارہوئے تو استحکام پاکستان پارٹی ان کا بوجھ نہیں اٹھائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close