ریٹائرمنٹ کی تاریخ سے دو سال قبل تمام سروس ریکارڈ اور پنشن کاغذات مکمل کر نے کا حکم

لاہور( آئی این پی) چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا ہے کہ 21ویں صدی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے،کارکردگی بہتر بنانے کیلئے سرکاری افسران کام کے طریقہ کار میں جدت لائیں،محکموں میں پیپر لیس سسٹم متعارف کرانے سے اخراجات میں کمی، کام کی رفتار تیز ہوئی ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں شکایات کو بروقت نمٹانے کیلئے محکموں میں گریوینس ریڈریسل کمشنرز مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ غیر ضروری مقدمہ بازی سے بچنے کیلئے تمام محکمے شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنائیں،پنشن کیسزاے جی آفس کو آن لائن بھجوانے کیلئے محکمے پورٹل قائم کریں،پنشن کے اجرا ء میں کسی صورت تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ریٹائرمنٹ کی تاریخ سے دو سال قبل تمام سروس ریکارڈ اور پنشن کاغذات مکمل کر لئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت یقینی بنانے کیلئے محکموں میں ای پروکیورمنٹ کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ چیف سیکرٹری نے اکائونٹنٹ جنرل آفس کی جانب سے پنشن کے اجراء ، بلوں کی ادائیگی کیلئے کی جانے والی اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اے جی آفس کا فنانشل رپورٹنگ اینڈ ڈیٹا انٹیگریشن سیل وسائل کی درست تقسیم اور فیصلہ سازی میں معاون ہوگا۔ اجلاس میں ایڈیشنل اکا ئو نٹنٹ جنرل سامعہ مستنصر نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (داخلہ)اور محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close