پنجاب میں غیر قانونی تعمیرات کے دھندے میں ملوث محکمہ بلدیات کے افسران کے گرد گھیرا تنگ

لاہور (آئی این پی) وزیر اطلاعات و بلدیات پنجاب عامر میر نے غیر قانونی تعمیرات میں ملوث محکمہ بلدیات کے کرپٹ افسران کے خلاف سخت کاروائی کا حکم دے دیا۔ صوبائی وزیر نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے تمام راشی افسران کی نشاندہی کریں اور جن علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات ثابت ہوں وہاں کے بلڈنگ آفیسرز اور زونل آفیسرز پلاننگ کو فوری بلیک لسٹ کر دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جن افسران کے خلاف غیر قانونی تعمیرات میں ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں انہیں فوری طور پر معطل کر دیا جائے تاکہ باقیوں کو بھی وارننگ مل جائے۔عامر میر کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد مافیا کی شکل اختیار کر تے جارہے ہیں۔ انکے مطابق ایسے افسران کی سہولت کاری حکومت اور ادارے دونوں کی ساکھ کو متاثر کر رہی ہے۔ عامر میر نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات سے ناصرف تجاوزات میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ محصولات کی وصولی بھی متاثر ہو رہی ہے۔انکا کہنا تھا کہ کرپٹ افسران کے خلاف کاروائی سے نہ صرف محکمہ بلدیات کی ساکھ بہتر ہو گی اور ادارے پر عوام کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ۔ٹیکس وصولیوں میں بھی اضافہ ہو گا۔عامر میر نے سیکرٹری بلدیات کو ہدایت کی کہ ان افسران کے خلاف بھی فوری ایکشن لیا جائے جو ماضی میں انکوائریوں کے نتیجے میں کرپٹ ثابت ہو چکے ہیں لیکن اب تک اپنے عہدوں پر برقرار ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close