لاہور بلدیہ کی تمام خدمات تک رسائی ایک کلک پر منتقل کرنے کا فیصلہ

لاہور (آئی این پی)صوبائی وزیر برائے اطلاعات و بلدیات عامر میر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے بلدیہ کی تمام خدمات تک رسائی ایک کلک پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس مقصد کے لیے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے تحت کمپلینٹس مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم قائم کر دیا گیا ہے جس کے تحت شہریوں کی جانب سے شکایات اور میونسپل سروسز سے متعلق معلومات کی فراہمی کے لیے 1198 ہیلپ لائن کے اجرا کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی جلد میونسپل سروسز سے آگاہی اور شکایات کے اس جدید سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ ۔کمپلینٹ مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم کے تحت میونسپل سروسز بارے شکایات گھر بیٹھے درج کروائی جا سکیں گی۔ شکایات کے لیے بلدیہ کی ہیلپ لائن کے علاوہ موبائل ایپ، آن لائن ویب پورٹل اور واٹس ایپ سروس کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔ بلدیہ کی ہیلپ لائن 1198پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔کمپلینٹ مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم کی ہیلپ لائن ہفتے میں 7 دن اور 24 گھنٹے دستیاب ہو گی۔ شہری اپنے علاقے میں بلدیہ بارے مسائل کی نشاندہی کر کے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ صوبائی وزیر نے مقامی حکومتوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ بھی اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close