کرپشن الزامات، عمران خان کے خاندان کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا

لاہور( آئی این پی) چیئرمین تحریک انصاف کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ کے خلاف کرپشن کا ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق ڈاکٹر عظمی خان نے جعلسازی سے کروڑوں روپے کی اراضی غیر قانونی طور پر اپنے نام ٹرانسفر کروائی۔ اینٹی کرپشن نے عظمی خان کے دو شریک ملزمان نائب تحصیلدار افضل سلیانہ اورپٹواری اسلم خان کو گرفتار کر لیا ہے ۔ترجمان کے مطابق ملزمان نے ضلع جھنگ میں 310 کنال اراضی دھوکہ دہی سے ڈاکٹر عظمی کے نام منتقل کی۔

ملزمان نے ریکارڈ میں رد و بدل کر کے رقبہ ڈاکٹر عظمی خان کے نام منتقل کیا۔ ملزمان نے بعد ازاں رقبے کا اصل ریکارڈ غائب کر دیا۔ عظمی خان کے نام انتقالات کا پرت سرکار بھی غائب ہے۔ترجمان کے مطابق اینٹی کرپشن نے مشکوک انتقالات، دھوکہ دھی اور جعلسازی سازی کے الزامات کی تحقیقات کی۔ انکوائری میں ڈاکٹر عظمی اور دیگر ملزمان جعلسازی میں ملوث پائے گئے۔ اینٹی کرپشن فیصل آباد نے ڈاکٹر عظمی اور دیگر 8 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا ۔ ملزمان نے دھوکہ دھی سے تمام رقبہ پہلے مختلف لوگوں کے نام منتقل کیا،بعد ازاں تمام زمین کے انتقالات ڈاکٹر عظمی کے نام کر دئیے گئے،عظمی خان ضلع جھنگ کی رہائشی بھی نہیں ہیں۔ ترجمان کے مطابق عظمی خان نے اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے رقبہ اپنے نام منتقل کروایا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close