مسائل کے حل کا مکمل روڈ میپ دیں گے، فردوس عاشق اعوان نئے وعدے لے کر میدان میں نکل آئیں

لاہور(آئی این پی)تحریک استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی)کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہماری جماعت نفرتوں کا خاتمہ کرے گی، ہم مسائل کے حل کا مکمل روڈ میپ دیں گے،لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مجھے میڈیا اور پارٹی کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کی ذمہ داری ملی ہے، ہمارا حقیقی سرمایہ اور اثاثہ عوام ہیں،

انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ سیاسی، معاشی اور سماجی عدم استحکام ہے، ہم تنقید تو کرتے رہے لیکن حل کوئی نہیں دیتا،آئی پی پی رہنما نے کہا کہ ہم مسائل کے حل کا مکمل روڈ میپ دیں گے، ہماری جماعت نفرتوں کا خاتمہ کرے گی،ان کا کہنا تھا کہ اگلے چند دنوں میں استحکام پاکستان پارٹی کا باضابطہ منشور پیش کیا جائے گا، ہماری پارٹی نوجوان کے مستقبل کی امید بنے گی،فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ موجودہ حالات میں کوئی بھی جماعت اکیلے ملکی مسائل کا حل نہیں نکال سکتی، ہمیں یکجا ہو کر ان مسائل کا حل ڈھونڈنے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ 30سے 50سال کا اکنامک ایجنڈا پیش کیا جائے، حکومت کوئی بھی آئے وہ اس معاشی ایجنڈے پر عمل کرے،فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قرضوں کے کینسر نے ہماری قوم کی شناخت کو داغدار کیا، ہم وہ خوش نصیب قوم ہیں، جس کے پاس باصلاحیت نوجوان ہیں،ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت مسائل کے حل کیلیے ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی، حکومت کے ساتھ تو پہلے ہی 13جماعتیں موجود ہیں،فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نئی جماعت کو حکومت کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں تھی، ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کیلیے آئے ہیں،انہوں نے کہا کہ آنے والے ہفتے میں پارٹی میں مزید لوگوں کی شمولیت نظر آئے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close